سری نگر ،16نومبر:
دراس کرگل میں جامع مسجد آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران خاکستر ہوئی۔ دریں اثنا تاریخی جامع مسجد کے امام حی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تاریخی مساجد اور خانقاہوں میں آگ پر قابو پانے والے آلات نصب کئے جائیں ۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام کو دراس کرگل میں قائم تاریخی جامع مسجد سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اس پوری مسجد کو لپیٹ میں لے لیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں نے گر چہ آگ پر قابو پانے کی انتھک کوشش کی تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران مسجد پوری طرح سے خاکستر ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ آگ ہمام سے نمودار ہوئی اور پوری مسجد کو لپیٹ میں لے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ آرمی ، پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی نے آگ پر قابو پایا ۔ دریں اثنا تاریخی جامع مسجد کے امام حی سعید احمد سعید نقشبندی نے دراس میں جامع مسجد آگ سے خاکستر ہونے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے لداخ اور جموں وکشمیر یوٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تاریخی مساجد اور خانقاہوں میں فوری طورپر فائرسسٹم نصب کیا جائے تاکہ آگ نمودار ہوتے وقت فوری طورپر اُس پر قابو پایا جاسکے۔
