جموں/22؍نومبر:
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے سول سیکرٹریٹ میں جموںوکشمیر یوٹی میں گلٹی دار جلد بیماری کی صورتحال اور اس کے روکتھام کی کوششوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ زائد اَز96 اہل مویشیوں کو گلٹی دار جلد بیماری سے بچائو کا ٹیکہ لگایا جاچکا ہے اور ویکسی نیشن کا ڈیٹا بھی آن لائن اَپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔
اِس موقعہ پر بتایا گیا کہ جموںوکشمیر میں 72 ہزار سے زیادہ مویشی متاثر ہوئے ہیں جو کُل آبادی کا تقریباً 2.3فیصد ہے ۔ حوصلہ اَفزا بات یہ ہے کہ ماہرین کی کوششوں سے مویشیوں کے صحت یاب ہونے کی شرح 90فیصد اور اوسط اَموات کی شرح تقریباً 4فیصد مجموعی طورپر جموں وکشمیر صوبوں کے لئے بتائی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ تمام اَضلاع سے متعلقہ ڈیٹا کو باقاعدگی سے اَپ لوڈ کرنے اور صوبہ کشمیر سے شرح اَموات کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے سخت نگرانی پر زور دیا اور میتھیلین بلیو کی دستیابی کے بارے میں بھی دریافت کیا جو کہ بیماری کے خلاف بھی مؤثر دوا ہے۔
سکاسٹ کے ماہرین نے مشورہ دیا کہ صحتیابی کے بعد تھرومبو ایمبولزم یعنی خون جمنے کی وجہ سے ہونے والی موت کو روکنے کے لئے کاشت کار متاثرہ مویشیوں کو کم سے کم 10دِن تک تجویز کردہ علاج جاری رکھیں۔
ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر عارف نے اے سی ایس کو یقین دِلایا کہ محکمہ جموںوکشمیر میں درآمد کئے جانے والے تمام مویشیوں کی نگرانی کررہا ہے اور ویکسین کا وافر ذخیرہ دستیاب ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری زراعت ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں / کشمیر کے علاوہ تمام اَضلاع کے چیف اینمل ہسبنڈری اَفسران اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔
