جموں، 24 نومبر:
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کے سرنکوٹ میں جمعرات کی صبح ایک رہائشی گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک خاتون اور اس کا بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گیس سلینڈر دھماکے سے لگنے والی آگ میں حمیدہ بیگم اور عاقب حسین جان کی بازی ہار گئے۔
اس واردات میں مکان مالک شوکت حسین زخمی ہوا۔گیس سلینڈر دھماکے کی آواز سُنے ہی مقامی لوگوں کے علاوہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بچاؤ کاروائی شروع کی اور زخمی شخص کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا۔
حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی جس سے کچن میں رکھا گیس سلنڈر پھٹ گیا اور آگ نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعے میں دو بھینسیں بھی ہلاک ہو گئیں اور مویشی گھر بھی مکمل تباہ ہو گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
