پلوامہ۔27؍ فروری:
ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے پیر کو ضلع پلوامہ میں اقلیتی برادری کے ایک شخص کے قتل کے تناظر میں سیکورٹی کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔انہوں نے سیکورٹی کا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے افسران نے شرکت کی۔
ایک ایک ہینڈ آؤٹ میں، پولیس نے کہا کہ سیکورٹی میٹنگ میں فوج کے سیکٹر کمانڈر، ڈی آئی جی پولیس، ڈی آئی جی سی آر پی ایف، ایس ایس پی پلوامہ، فوج کے سی او اور سی آر پی ایف کے کمانڈنٹ اور دیگر افسران شامل تھے۔ اے ڈی جی پی کشمیر کو شرکت کرنے والے افسران کی طرف سے کئے گئے مجموعی حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔میٹنگ کے دوران، اے ڈی جی پی کشمیر نے انہیں اس طرح کے عسکریت پسندانہ واقعات کو روکنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات نافذ کرنے کی تاکید کی۔ میٹنگ میں موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے اے ڈی جی پی کشمیر نے ضلع پلوامہ میں انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کو بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے میٹنگ میں موجود پولیس افسران کو مزید حوصلہ اور ٹیکچنٹ پیدا کرنے اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کو مزید شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، ہائبرڈ عسکریت پسندوں کی شناخت اور مناسب کارروائی کرنے کے عمل پر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
