پلوامہ ۔ 27؍ فروری:
گزشتہ روز پلوامہ ضلع کے اچان گاؤں میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں مارے گئے کشمیر پنڈت کے مسلمان پڑوسیوں نے پیر کو آخری رسومات ادا کرنے میں ان کے اہل خانہ کی بھرپور مدد کی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مسلمان پڑوسی سنجے شرما کی آخری رسومات ادا کرنے میں مدد کے لیے اکٹھے ہوئے۔سنجے شرما (42 )جو آچن علاقے میں بینک گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے، اتوار کو ان کی رہائش گاہ کے باہر قتل کر دیا گیا۔شرما کا خاندان گاؤں میں رہنے والا واحد پنڈت خاندان ہے، اور آج اس کے دوستوں اور مسلم برادری کے پڑوسیوں نے آخری رسومات ادا کرنے میں بھرپور مدد کی۔پڑوسی مسلمانوں نے مقتول کی ارتھی کو بھی کندھا دیا اور انتم سنسکار کے لیے لکڑی کا بندوبست کیا۔
ایک مقامی رہائشی مدثر احمد نے کہا کہ "وہ ہم میں سے ایک تھا۔ ہم نے اسے کشمیری پنڈت کے طور پر کبھی نہیں سوچا۔ ہم نے آخری رسومات کے لیے درکار ہر چیز کا انتظام کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں اور سب کچھ ایک ساتھ کیا ہے۔ "ہم ایک انوکھے بندھن کا اشتراک کرتے ہیں جو سیکڑوں سال پرانا ہے۔ جب ہم نے یہ افسوسناک خبر سنی تو ہم سب گھر والوں کو تسلی دینے کے لیے پہنچ گئے اور آج آخری رسومات ادا کرنے میں مدد کے لیے ہر چیز کا بندوبست کر لیا۔
سنجے کے رشتہ داروں نے یہ بھی کہا کہ گاؤں کے مسلمان ہمیشہ ضرورت کے وقت ان کی مدد کرتے ہیں اور وہ مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی رسم کسی پنڈت کی طرف سے کرنی ہوتی ہے تو وہ (مسلمان) کچھ فاصلے پر بیٹھتے ہیں، لیکن باقی انتظامات وہی کرتے ہیں۔
