سرینگر/03مارچ:
سرینگر کے پائین شہر کے رعناواری علاقے میں آج مردو زن کی ایک بڑی تعدادنے سڑک پر نکل کر سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے میٹروں کو واپس ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔
رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں خواتین اور مردوں نے سمارٹ میٹرکے خلاف احتجاج کیا اورعناواری چوک میں جمع ہوکر ٹریفک کی نقل و حمل میں رُکاوٹ ڈالی ۔ رعناواری کے مختلف علاقوں جن میں کرالیار، کوندہ بل اور سرٹینگ، مغل محلہ و دیگر علاقوں کی خواتین کی بڑی تعداد چوک میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے میٹروں کی تنصیب کے عمل کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا ۔
اس موقعے پر کئی خواتین نے روتے ہوئے سرکارپر الزم لگایا کہ سرکار غریب عوام کے ساتھ زیادی اور ظلم کررہی ہے پہلے چاول کی تقسیم میں کٹوتی کرکے چار کلوماہانہ کردیا ، پھر بلڈوزر چلاکر لوگوں کے گھروں کو توڑنے کا عمل شروع کیا گیا اس کے بعد پراپرٹی ٹیکس کے اعلان سے لوگوں کی نیندیں اُڑائی گئیں اور سمارٹ میٹروں نے تو عام لوگوں کو سخت پریشان کردیا ۔
انہوں نے بتایا کہ اس ظلم کے خلاف وہ آوازاُٹھاتے ہوئے ان میٹروں کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ وہ غریب طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں جہاں پر لوگ دن کو کماتے ہیں اور شام کوکھاتے ہیں ۔ احتجاجی خواتین نے سمارٹ میٹروں کو واپس ہٹانے کامطالبہ کیا ۔
