سری نگر:۱۱،مارچ:
حکومت جموں وکشمیرنے محکمہ صحت وطبی تعلیم میں 2274اور دیگر مبینہ غیرقانونی تقرریوںکی تحقیقات کیلئے ایک 5رُکنی انکوائری ٹیم تشکیل دی ہے ،جس کو30دنوںمیں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاگیاہے ۔
محکمہ برائے آڈٹ اور معائنہ نے بتایا ہے کہ حکام نے محکمہ صحت اور طبی تعلیم، جموں و کشمیر میں 2274 اور دیگرمبینہ غیر قانونی تقرریوں کی تحقیقات کےلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے۔ایک حکم نامے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر فائنانس محکمہ صحت وطبی تعلیم کریں گے اور4 دیگر ممبران شامل ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت وطبی تعلیم میں غیر قانونی تقرریوں کی نشاندہی کرنے اور ان پر نظرثانی کی مشق کی نگرانی کےلئے کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے جیسا کہ آڈٹ اینڈ انسپکشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر تمام غیر قانونی تقرریوں کی اطلاع ہے۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2274 ملازمین کے معاملے کو حل کرنے کےلئے ایک بار پالیسی فیصلہ کرے۔غیر قانونی تقرریوں میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر فائنانس محکمہ صحت وطبی تعلیم کی زیرصدارت 5رُکنی کمیٹی کو 30 دن میں رپورٹ پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔
