سرینگر/28مارچ:
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر کی پالیسیاں اور امن و امان کی صورتحال سرمایہ کاری کیسازگار ہے اور صنعت کاروں سے کہا کہ وہ اس پر توجہ دیں۔یہاں صنعتی ادارہ اسوچیم کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صحیح پالیسیوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنی مارکیٹ یا منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک علاقے کا انتخاب کرنا چاہیے۔ میں اس پر کوئی تجویز یا ترجیح نہیں دے سکتا۔ آپ ملک میں کہیں بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں… لیکن میں کم از کم یہ کہوں گا کہ جموں و کشمیر میں پالیسیاں اور امن و امان دونوں ہی سرمایہ کاری کے لائق اور انتہائی سازگار ہیں۔ آپ کو اس پر دھیان دینا چاہیے۔شاہ نے کہا کہ حکومت کی ”سب کو اپنانے والی” اور ”سب پر مشتمل” اسکیمیں ہندوستان کی کثیر جہتی ترقی کا باعث بنی ہیں۔
امت شاہ نے کہا کہ ہمارے نظریے نے ملک کو محفوظ بنایا ہے۔ملک کو جموں و کشمیر سے کنیا کماری تک جوڑ کر ایک بہت بڑا نیٹ ورک بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی لائی گئی نئی تعلیمی پالیسی کی وجہ سے ملک میں کمپنیوں کو اگلے پانچ سالوں میں کہیں اور سے افرادی قوت لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
وزیر نے ‘ بھارت @ 100 جامع اور پائیدار عالمی ترقی کی راہ ہموار کرتے ہوئے’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”پانچ سالوں کے اندر، ہمارے ملک کے نوجوان مستقبل میں کمپنیوں اور کاروباروں کو کامیاب بنانے کے لیے تیار ہو جائیں گے۔بڑی اسکیموں کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں دیگر کامیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے، شاہ نے کہا کہ براڈ بینڈ کنکشن 2014 میں 6.1 کروڑ تھے اور ستمبر 2022 میں بڑھ کر 82 کروڑ ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی سطح پر برآمدات کو مسابقتی بنانے کے لیے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی)میں لاجسٹک لاگت کو موجودہ 13 فیصد سے کم کر کے 7.5 فیصد پر لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
شاہ نے کہا کہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور لاجسٹک اخراجات میں کمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بنیادی ڈھانچے میں 100 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر رہی ہے جو لاجسٹکس کے اخراجات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔امت شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف جو منفی پروپگنڈ ا چلارہے ہیں وہ وزیر اعظم کی کاوشوں سے خوش نہیں ہے کیوں کہ ان کے اپنوں نے ملک کو کس کگار پر کھڑا کیا تھا یہ بخوبی جانتے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ آج پوری دنیا بھارت کا ایک طاقت ماننے پر مجبور ہے اور یہ وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی کا ہی نتیجہ ہے ۔
