سرینگر،28مارچ:
اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک ماہ میں لوگوں کو بلا تعطل بجلی سپلائی کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے اقدامات کرے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے خاص طور پر سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی سپلائی معطل نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
غلام حسن میر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وادی کے بعض علاقوں سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کے مطابق ان علاقوں میں بار بار کی بجلی کٹوتی کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا، ـچنانچہ ان مقدس ایام میں مسلمانوں کو کچھ اہم اور مخصوص مذہبی فرائض انجام دینے ہوتے ہیں، اس لئے متعلقہ محکمہ کو یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ لوگوں کو بالا تعطل بجلی سپلائی فراہم کی جائے۔ بالخصوص سحری اور افطاری کے اوقات میں کسی بھی علاقے میں بجلی کٹوتی نہیں کی جانی چاہیے۔ـ
انہوں نے کہا، "میں لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ رمضان کے مہینے میں بجلی کی کوئی کٹوتی نہ ہو۔‘‘
