سری نگر۔30؍ مارچ:
جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت میں شہر کی ہندو آبادی نے ایک شوبھا یاترا نکال کر رام نومی کا جشن منایا ۔سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شوبھا یاترا پرانے شہر کے زیندر محلہ سے شروع ہوئی اور حب کدل، باربرشاہ، لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور جہانگیر چوک سے ہوتی ہوئی ٹنکی پورہ پر اختتام پذیر ہوئی۔
شوبھا یاترا کے منتظم پون چیتینہ داس نے کہا کہ ہم پچھلے 16 سالوں سے ہر سال یہ یاترا اور ‘ جھانکی’ نکال رہے ہیں۔ اس سے قبل، وادی میں ہنگامہ آرائی کی وجہ سے اسے روک دیا گیا تھا۔انہوں نے شوبھا یاترا نکالنے میں تعاون کرنے پر کشمیری مسلمانوں اور کشمیری پنڈتوں دونوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر میں تمام لوگوں کی امن اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ سب ہم آہنگی سے رہیں کیونکہ خونریزی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
