سرینگر،07اپریل:
جموں و کشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے دسویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کو عارضی طور اگلی کلاسز میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلباء کو تعلیمی نقصان سے بچایا جا سکے۔ بدھ کو دسویں جماعت کے امتحان کے اختتام پذیر ہونے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ کشمیر صوبے میں 63 ہزار سے زائد طلبہ نے دسویں جماعت کے امتحان میں شرکت کی اور کشمیر میں یہ پہلی مرتبہ بورڈ امتحانات مارچ میں منعقد کئے گئے۔
اس حوالے پرنسپل سیکریٹری تعلیم آلوک کمار نے کہا کہ امتحانی نتائج آنے تک طلباء کو اگلی کلاس میں پروموٹ کیا جائے گا۔ یونیفارم اکیڈمک کیلنڈر کے مطابق جن طلبہ نے دسویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کی ہے انہیں بورڈ امتحان کے اختتام کے بعد بالترتیب گیارہویں اور بارہویں جماعت میں داخلہ دیا جائے گا۔
