جموں،4مئی:
اودھم پور- سری نگ- بارہمولہ ریلوے لنک پر کٹرہ سے بانہال تک کئی حصوں میں بیلسٹ لیس ٹریک (بی ایل ٹی) بچھانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔
بیلسٹ لیس ٹریک یا سلیب ٹریک ایک قسم کا ریلوے ٹریک انفراسٹرکچر ہے جس میں ٹائیز،سلیپرز اور بیلسٹ کے روایتی لچکدار امتزاج کو کنکریٹ یا اسفالٹ کی سخت تعمیر میں تبدیل کیا جاتا ہے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ملک کا پہلا کیبل اسٹیڈ پل ‘انجی برج’ مکمل ہوچکا ہے اور بیلسٹ لیس ٹریک بچھانے کے لئے تیاریوں کا کام جاری ہے۔
بتادیں کہ انجی پل میں گیارہ مہینوں کے ریکارڈ وقت کے اندر 26 اپریل کو تمام 96 کیبلز سیٹ کی گئیں۔اس پل کی کل لمبائی 725.5 میٹر ہے جو سطح دریا سے 331 میٹر کی بلندی پر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ریلوے برج پر بی ایل ٹی بچھایا گیا ہے اور اس پر الیکٹرو- میکانکل آلات نصب کرنے کا کام جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ 111 کلو میٹر طویل کٹرہ تا بانہال ٹریک کے مختلف حصوں میں قریب 30 کلو میٹروں کے ٹریک پر بی ایل ٹی بچھانا ہے۔
