سری نگر/04؍مئی:
قومی سطح کے ماہرین اور سوسائٹی آف اینمل فزیالوجسٹ آف اِنڈیا ( ایس اے پی آئی ) کے اَفسران نے آج راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی ۔ماہرین پدم شری ڈاکٹر ایم ایل مدن اور صدر ایس اے پی آئی ڈاکٹر ایس کے رستوگی کے ساتھ وائس چانسلر سکاسٹ کشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ مویشی فارمنگ کے مستقبل اور چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کو ذریعہ معاش فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ ماہرین نے لائیو سٹاک شعبے کو بہتر بنانے اور اسے مزید دیرپا بنانے کی گنجائش پر بھی گفتگو کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ماہرین سے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر لائیو سٹاک فارمنگ کے لئے جدید تکنیکی آلات تیار کریں تاکہ اسے کسانوں کے لئے زیادہ مؤثر ، دیرپا اور منافع بخش بنایا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ کسانوں کے لئے اِن پُٹ لاگت کو کم کرنے اور پیداوار بڑھانے کے لئے اِختراعی تکنیکوں کو اَپنایا جانا چاہیے۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ لائیو سٹاک فارمنگ سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے زرعی ذیلی شعبوں میں سے ایک ہے اور ہمیں پشوئوں کی صحت اور چارے کے انتظام کے تحفظ کے لئے تحقیق اور ٹیکنالوجی کو اپنانے کی خاطر بہتر باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کی ہمہ گیر ترقی اور لائیو سٹاک شعبے سے وابستہ کسانوں ، خواتین اور دیگر شراکت داروں کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت جموںوکشمیر یوٹی کے کلیدی اقدامات کا بھی اشتراک کیا۔وائس چانسلر سکاسٹ نے لیفٹیننٹ گورنر کو ٹیولپ بلب کی پیداوار اور سکاسٹ کشمیر کی طرف سے سٹیم سیل تھراپی اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی لائیو سٹاک فارمنگ پرپروجیکٹ رِپورٹ بھی پیش کی ۔
