سرینگر/07مئی:
وسطی کشمیر کے تین اضلاع میں گزشتہ 3 سالوں میں مارے گئے 79 عسکریت پسندوں میں سے 65 عسکریت پسند کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں مختلف مقابلوں میں مارے گئے۔2020 سے 2022 تک کے 3 سال کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ضلع سری نگر میں 65، بڈگام میں 13 اور وسطی کشمیر کے گاندربل میں صرف ایک جنگجو گولی باری میں مارا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں وسطی کشمیر کے دو دیگر اضلاع کے مقابلے میں زیادہ گولی باری دیکھنے میں آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع گاندربل میں گزشتہ 3 سالوں میں صرف ایک تصادم ہوا ہے۔ پچھلے سال مارچ میں بدر کنڈ گاندربل کا ایک عسکریت پسند عادل احد خان گاندربل کے کاو باغ سرچ گاؤں میں مارا گیا تھا۔جموں کشمیر پولیس کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ گاندربل میں گزشتہ 3 سالوں میں اب تک 4 لڑکے جنگجو صفوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ضلع بڈگام میں مشترکہ فورسز نے سب سے زیادہ گرفتاریاں کیں۔ 2020 سے 2022 تک گزشتہ 3 سالوں میں، بڈگام کے مختلف علاقوں میں پولیس نے 17 عسکریت پسندوں اور عسکریت پسندوں کے 130 مبینہ ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے۔
اگرچہ بڈگام پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے نوجوانوں نے جنگجو صفوں میں شمولیت اختیار کی لیکن اس نے ضلع میں مارے گئے جنگجوؤں کی تعداد کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اطلاعات کے مطابق مختلف جھڑپوں میں 13 جنگجو مارے گئے ہیں۔ 2021 میں صرف ایک عسکریت پسند، 2022 میں 5 اور 2023 میں 7 جنگجو مارے گئے۔
سرینگر میں پولیس نے گزشتہ 3 سالوں میں 65 عسکریت پسندوں کو جاںبحق کیا اور 40 افراد کو گرفتار کیا جن کے عسکریت پسندوں سے تعلقات تھے۔ سرینگر میں 2020 میں مارے گئے عسکریت پسندوں کی تعداد 22، 2021 میں 24 اور 2022 میں 19 تھی۔پولیس نے یہ اعدادوشمار حق اطلاعات قانون کے تحت دائر کردہ ایک درخواست کے جواب میں فراہم کئے ہیں۔
