سرینگر،09مئی:
جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر آج این آئی اے کی جانب سے چھاپہ ماری کی جارہی ہے۔ سرکاری ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔جس میں اننت ناگ، کولگام، پونچھ اور جموں و کشمیر کے کئی دیگر اضلاع میں چھاپے مارے گئے ۔ذرائع کے مطابق یہ چھاپہ عسکریت پسندی سے جڑے ایک کیس کے سلسلہ میں مارا گیا ہے۔
این آئی اے کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ،سریگفوارہ ،اتھسو اور کھرم علاقہ میں محمد اقبال حاجی کے گھر پر منگل کی علی الصبح چھاپہ مارا گیا اس دوران مذکورہ شخص کے گھر کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ جس دوران کچھ وہیں قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) کی ایک ٹیم نے پولیس اور سی آر پی ایف کی مدد سے کیموہ کولگام کے رامپور علاقہ میں رؤف احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ کے گھر پر چھاپہ مارا، ذرائع کے مطابق چھاپوں کے دوران ایک شخص کو موقعہ پر ہی گرفتار کیا گیا ہے۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ترینج اور گنڈہادو علاقے میں چھاپہ ماری جاری ہے۔این آئی اے کی ٹیم پولیس اور سی آر پی ایف کے تعاؤن سے ان مقامات پر پہنچی اور چھاپہ مار کارروائی شروع کی گئی ۔ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ شوپیاں کے ان دو علاقوں میں کس کے یہاں چھاپے مارے گئے۔
