سری نگر:محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو 26 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں ہونے کا امکان ہے اور اس دوران کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور بعض علاقوں میں تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 25 اور 26 مئی کو موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران بعد دوپہر کے بارشوں کے مختصر مرحلے کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 27 سے 30 مئی تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ موسم بہتر ہونے تک اپنے تمام آپریشنز ملتوی کریں جبکہ سفر کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر اختیار کرنے سے قبل متعلقہ ٹریفک پولیس سے رابطہ کریں۔
