سرنگر: اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کشتواڑ میں پیڑ کے گرنے کی وجہ سے ایک خانہ بدوش کُنبے کے چار افراد کی موت پر اپنے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے اس المناک واقعہ پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے یہ سن کر دلی صدمہ پہنچا ہے کہ کشتواڑ میں ایک خانہ بدوش خاندان کے چار افراد بشمول تین خواتین، پر اُس وقت اُفتاد نازل ہوئی ہے، جب ایک درخت اُن کے عارضی خیمے پر آگر۔ یہ بدنصیب کنبہ اپنے بھیڑوں کے ریوڑ کے ہمراہ جارہا تھا، جب انہوں نے عارضی طور پر ایک مقامی جنگل میں ٹھہرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ واقعی ایک سانحہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ’’اس واقعہ کے بارے جان کر میرا دل پسیج گیا ہے۔ مجھے اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ متاثرہ کنبے کے زندہ بچ جانے والے افراد پر اس وقت کیا بیت رہی ہوگی۔ اللہ اُنہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے اور جاں بحق ہوئے چار افراد کی ارواح کو سکون عطا کرے۔غم کی اس گھڑی میں، میں ذاتی طور پر متاثرہ کُنبے کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں اُن کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔‘‘
اپنی پارٹی کے صدر نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندان کو فوری امداد فراہم کرے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کے لیے معقول معاوضے کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
