پونچھ: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں ایک فوجی یونٹ کے قریب اتوار کی رات تین مشتبہ افراد کے دیکھے جانے کے بعد مذکورہ علاقہ کو محاصرہ میں لے لیا گیا اور تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی۔
ایک فوجی یونٹ کے قریب مشتبہ افراد کو دیکھے جانے کے بعد اسکول کو بھی گھیرے میں لے لیا گیا اور تلاشی لی گئی۔ رات گئے تک سرچ آپریشن جاری رہا۔کہا جاتا ہے کہ نانک اکیڈمی اسکول کے قریب کچھ لوگوں نے تین افراد کو فوجی وردی میں دیکھا۔ اس کے بعد ا نہوں نے فوجی یونٹ کو فون کیا تاکہ یہ دریافت کیا جا سکے کہ آیا اس کے جوان علاقے میں گھوم رہے ہیں۔ اس کے بعد فوجی یونٹ نے بتایا کہ فوجی رات کو باہر نہیں رہتے۔ عسکریت پسندوں کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر فوج، پولیس، سی آر پی ایف نے پورے پرانے پونچھ علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ڈاگ گسکواڈ کی بھی مدد لی گئی۔
دراصل فوجی یونٹ اس جگہ کے بالکل قریب ہے جہاں مشتبہ افراد کو دیکھا گیا تھا۔ ایک وائرلیس ڈرین بھی ہے جو ایل او سی سے منسلک ہے۔ راجوری پونچھ کو عسکریت پسندوں سرگرمیوں کے لحاظ سے حساس سمجھتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر حرکت میں آکر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تلاشی شروع کردی۔
