سری نگر،15اگست:
جموں وکشمیر میں منگل کے روز یوم آزادی کی تقریبات پورے جوش و خروش سے منائی گئیں ،لائن آف کنٹرول پر بھی فوج نے ترنگا لہرایا اور سلامی پیش کی۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ملک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی یوم آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں۔
معلوم ہوا ہے کہ کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے تھے ۔
مختلف ضلع اور تحصیل ہیڈ کواٹروں پر تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔
اس موقع پر لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کشمیرکے ہر گھر میں ترنگا لہرایا گیا اور سلامی پیش کی گئی اور اس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وادی کشمیر میں حالات اب پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں۔
انہوں نے جشن آزادی پر کہا کہ ہمیں آج کے روز ان شہیدوں کو یاد رکھنا ہوگا ، جنہوں نے اپنی جانیں نچھاور کرکے ہمیں آزادی کی نعمت عطا کر دی۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس نے آزادی کا جشن منایا ، اس سے یہ عیاں ہوگیا ہے کہ پورے کشمیر میں ہر گلی گلی میں انہوں نے اپنے جھنڈے کو اونچا رکھا۔
اس دوران فوج نے بھی کرناہ ، کیرن ، مژھل اور دیگر فوجی کیمپوں کے اندر یوم آزادی کے دن جشن کو منایا اور ترنگے کو سلامی پیش کی۔
