سری نگر، 28 دسمبر:
ہندواڑہ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے جمعرات کو ایک قتل کیس میں اپنا فیصلہ سنایا جس میں سال 2009 سے متعلق قتل کیس میں تین کو عمر قید اور مزیدتین کو دو، دو سال قید کی سزا سنائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرشید بیگ ولد غلام احمد بیگ ساکنہ بیگ پورہ وڈر کوباہمی تعلق رکھنے والے افراد کے ایک گروپ نے جھگڑے کے دوران قتل کیا تھا۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 128/2009 کے تحت آر پی سی (اب آئی پی سی) کی دفعہ 302، 147، 148، 149 اور 323 کے تحت ایک کیس پولیس اسٹیشن ہندواڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ مختصر حقائق کے مطابق جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مقامی باشندے نئے منظور شدہ ایس ایس اے پرائمری اسکول برائے بیگ پورہ وڈر محلہ کے لیے مناسب جگہ پر بحث کر رہے تھے اور اس واقعے کے دوران متاثرہ شخص پر وحشیانہ حملہ کیا گیا اور اسے ہلاک کر دیا گیا۔
ایڈیشنل سیشن جج امی کلثوم نے جمعرات کو اس مقدمے کا انتہائی فیصلہ سناتے ہوئے تین ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی جن میں بشیر احمد میر، منظور احمد بیگ اور حبیب اللہ بیگ شامل ہیں جبکہ تین خواتین راجہ بیگم، فمیدہ بیگم اور مالا بیگم کو دو دو سال قید کی سزا سنائی ۔.
