سرینگر02 جنوری:
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں جموںوکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ سینئر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے پونچھ میں پیش آئے حالیہ دہشت گردی واقعات کے تناظر میں پولیس، فوج ، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف کے آفیسران پر زور دیاکہ وہ آپسی تال میل کو مضبوط و مربوط کریں تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے مقامی انٹیلی جنس کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ یو پی آئی کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں نئی دہلی میں جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، پولیس سربراہ آر آر سوئن، چیف سیکریٹری کے علاوہ فوجی سربراہ منوج پانڈے، سی آر پی ایف ، بی ایس ایف اور آئی بی چیف نے بھی شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ دو گھنٹے تک وزارت داخلہ میں جموںوکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر میٹنگ جاری رہی جس دوران وزیر داخلہ نے سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ آپسی تال میل کو مزید مضبوط کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں حالیہ دہشت گردی حملے کے دوران تین عام شہریوں کی ہلاکت کے تناظر میں امیت شاہ نے فوج ، پولیس ، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ آپسی تال میل کو مزید مضبوط و مربوط کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے میٹنگ کے دوران راجوری اور پونچھ اضلاع میں سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے سہولیت کاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایل جی منوج سنہا اور پولیس سربراہ آر آر سوئن نے وزیرداخلہ کو جموں وکشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حالات معمول پر آرہے ہیں۔ وزیر داخلہ کو آگاہی فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فوجی سربراہ نے وزیر داخلہ کو میٹنگ کے دوران بتایا کہ ایل او سی پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پونچھ میں حالیہ دہشت گرد حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امن مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور کسی کوبھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ نے میٹنگ کے دوران آفیسران کو ہدایت دی کہ جموںوکشمیر میں مقامی انٹیلی جنس کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹرولنس کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ کو جموں وکشمیر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں بریف کیا گیا ۔ وزیر داخلہ نے تعمیر وترقی کے حوالے سے جاری کاموں کو وقت مقررہ کے اندرا ندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی کو مضبوط کرنے کے حوالے سے کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔
