سری نگر:۹،، جنوری:
حالیہ کئی ہفتوں سے جاری خشک موسمی صورتحال اوررات کے وقت آسمان صاف رہنے کی وجہ سے پوری کشمیر وادی میں جاری شدید سردی میں دوران شب کمی درج ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ ممکنہ طور پر آسمان پر بادل چھائے رہنے کی وجہ سے پیر اور منگل کی درمیانی رات کو بارہمولہ ،کونی بل پانپور اورشوپیان کے بغیر باقی پوری کشمیر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کافی بہتری ریکارڈ کی گئی۔متعلقہ محکمہ کے مطابق دوران شب سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت میں منفی 2.4ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیاگیا
۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی رات قاضی گنڈمیں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6،پہلگام میں منفی4.4،کپواڑہ میں منفی4.5،کوکرناگ میں منفی1.2،گلمرگ میں منفی4.6،کونی بل پانپور میں منفی5.0،اننت ناگ میں منفی3.9،گاندربل میں منفی2.4،پلوامہ میں منفی4.7،بانڈی پور ہ میں منفی4.1،بارہمولہ میں منفی5.0،بڈگام میں منفی3.3،کولگام میں منفی1.5،اورشوپیاں میں منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔اس دوران منگل کو دن کے وقت ہلکی دُھوپ نکلنے سے یخ بستہ ہواﺅںکا زورٹوٹ گیا ۔بجلی زیادہ تروقت غائب رہنے کی وجہ سے لوگ روایتی کشمیری کانگڑی ،بالن اور پتھرکے کوئلوں سے چلنے والی انگھیٹی،گیس پر چلنے والے روم ہیٹر استعمال کرنے پر مجبور ہیں
۔قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے بیشتر میدانی علاقوں میں رواں موسم سرمابالخصوص چلہ کلان کے ایام میں تاحال برف باری نہیں ہوئی ہے جبکہ وادی کے بالائی علاقوں میں بھی دسمبر کے آخر تک معمول سے کم برف پڑی ہے۔دریں اثناءسری نگرمیںقائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے پیر کے روز کہاکہ8جنوری تک موسم بنیادی طور پر خشک رہے گا، لیکن 9جنوری کو جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں الگ تھلگ علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے بتایاکہ10سے15جنوری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ15جنوری تک مجموعی طور پر موسم کی کوئی خاص سرگرمی نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ21دسمبر کو شروع ہونے والے چالیس روز چلہ کلان کے17دن مکمل ہوگئے ہیں ،اور ابھی تک کشمیرمیں کوئی برف باری نہیں ہوئی ہے جبکہ کچھ بالائی جگہوںپر ہلکی برف گری ۔چلہ کلان31جنوری کو اپنی معیاد پوری کرے گا ،جسکے بعد چلہ خوردکے20اور چلہ بچہ کے10دن ہیں ،اور یوں کشمیرمیں سخت ترین موسم سرما کا اختتام ماہ فروری کے آخریا مارچ کے پہلے کچھ دنوںمیں ہوگا۔
