سری نگر / 10؍جنوری:ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے ہفتہ وار’ بلاک دیوس ‘کے تحت ضلع کے ہارون بلاک کے درباغ سیّد پورہ علاقے میں عوامی شکایات ازالہ کیمپ کا اِنعقاد کیا تاکہ اِنتظامیہ کو عوام کے ترقیاتی مسائل کے حل کے لئے اُن کی دہلیز پر پہنچایاجاسکے۔عوامی شکایات ازالہ کیمپ میں مقامی ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران بشمول شبیر احمد ریشی اور حاجی علی محمد کے علاوہ دیگر عوامی نمائندوں اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
اِس موقعہ پر ہارون بلاک کے سیّد پورہ، فقیر گجری، دانیہامہ، ملنار، گندتھل، تھید اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کا ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر تعینات ہونے پر والہانہ اور گرمجوشی سے اِستقبال کیا۔
عوام اور عوامی نمائندوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو اَپنے ترقیاتی مطالبات سے آگاہ کیا جن میںکھیل میدان کی ترقی ، سراب باغ میں سڑک کی بحالی، گرلز ہائیر سیکنڈری سکول، سکل ڈیولپمنٹ سینٹر اور علاقے میں فروٹ منڈی کا قیام، مقامی آبادی کے لئے اے ٹی ایم کی سہولیت اور ٹرانسپورٹ خدمات کی فراہمی، چندہ پورہ۔درباغ سڑک کی تکمیل، پی ایم اے وائی سکیم کے تحت اِستفادہ کنندگان کی تعداد اور دیگر مسائل شامل ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کی شکایات اور مطالبات سننے کے بعد شکایات ازالہ کیمپ میں موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقعہ پر ہی جواب طلب کیا۔ اُنہوں نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام جائز مطالبات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔اُنہوںنے متعلقہ محکموں کے افسران کو عوامی مسائل کے بروقت ازالہ کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات بھی دیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے شکایات ازالہ کیمپوں کے اِنعقاد کا مقصد عوام الناس سے مقامی مسائل کا جائزہ لینا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی شکایات ازالہ کیمپ کے دوران عوامی مسائل اور مطالبات کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں پر مناسب پیروی کے ساتھ توجہ دی جاتی ہے تاکہ عوامی بھلائی کے تمام مطالبات کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ اور ان کا بروقت ازالہ اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل اور شکایات کے ازالے میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوںنے مزید زور دیا کہ مرکزی معاونت والی سکیموںکے صد فیصد عملانے پر زور دیا جس کے مجموعی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر واضح اثرات مرتب ہوں گے۔
اُنہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ تمام رہ جانے والے مستفیدین کا احاطہ کر کے سماجی تحفظ کی سکیموں کو مکمل کیا جائے ۔دوران کیمپ ضلع ترقیاتی کمشنر نے علاقے میں آمدنی پیدا کرنے والے یونٹوں کے قیام کے لئے کے سی سی س استفادہ کنندگان میں 10 لاکھ روپے کی منظوری نامے بھی تقسیم کئے۔عوامی شکایات ازالہ کیمپ میں جنرل منیجر ڈی آئی سی، چیف پلاننگ آفیسر، چیف میڈیکل آفیسر، سب ڈویژنل مجسٹریٹ ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ، تحصیلدار نارتھ کے علاوہ تمام سیکٹورل اورضلعی افسران موجود تھے۔
