گذشتہ چار برسوں میں ایم بی بی ایس ، پی جی اور نرسنگ کی تعلیم میں تقریباً 4500 سیٹیں شامل کی گئی ہیں ۔ ایل جی سنہا
نئی دہلی، جموں ، کپواڑہ :صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہندواڑہ ، کپواڑہ میں نئے نرسنگ کالج اور نرسنگ ہوسٹل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے جموں کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں صحت کی سہولیات اور طبی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی بے مثال توسیع کیلئے عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور مرکزی وزارت صحت کا شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ نیا نرسنگ کالج سرحدی ضلع کپواڑہ میں طبی تعلیم کے بنیادی ڈھانچے اور مجموعی صحت کی دیکھ بھال کو بڑھانے میں ایک طویل سفر طے کرے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے جموں کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بڑھانے میں تیز رفتار پیش رفت کا اشتراک کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چار برسوں میں ایم بی بی ایس ، پی جی اور نرسنگ کی تعلیم میں تقریباً 4500 سیٹیں شامل کی گئی ہیں ۔
انہوں نے شہریوں کو صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے اور مستقبل کی دیکھ بھال کیلئے جدید ہیلتھ ٹیکنالوجیز کو تیار کرنے اور ان کی تعیناتی کیلئے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔
ہندواڑہ نرسنگ کالج پروجیکٹ کو 4 کام کے موسموں میں مکمل کرنے کا ہدف ہے ۔
مرکزی وزیر صحت نے نیشنل ڈینٹل کمیشن کی نئی عمارت کا بھی افتتاح کیا ، آندھرا پردیش میں تین نرسنگ کالجوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور نیشنل ڈینٹل رجسٹر کا آغاز کیا ۔
تریپورہ کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا ، صدر ڈینٹل کونسل آف انڈیا ڈاکٹر دیبیندو مزومداراور مرکزی سیکرٹری صحت اور خاندانی بہبود مسٹر اپوروا چندرا نے اس تقریب میں شرکت کی ۔
چئیر مین ضلع ترقیاتی کونسل کپواڑہ شیخ عرفان سلطان پنڈتپوری ، گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کے پرنسپل کے علاوہ ڈاکٹرز اور طبی عملہ بھی ورچوئل موڈ کے ذریعے شامل ہوا ۔
