سری نگر:وادی کشمیر کا منگل کے روز ملک کے باقی حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع رہا تاہم ہوائی ٹریفک حسب معمول جاری رہا۔
ٹریفک حکام کے مطابق وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر منگل کے روز ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے بند رہی۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو بند رکھنے کا یہ فیصلہ کشتواڑی پتھر اور ڈھلواس کے مقامات پر روڈ کو چوڑا کرنے کے کام کے پیش نظر لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر مذکورہ مقامات پر کام دن بھر زور و شور سے جاری رہا۔
ضلع مجسٹریٹ رام بن نے پیر کے روز ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا تھا: ‘حفاظتی پروٹوکال کے پیش نظر سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر 6 فروری یعنی منگل کی صبح آٹھ بجے سے 7 فروری یعنی بدھ کی صبح آٹھ بجے تک کشتواڑی پتھر اور ڈھلواس کے مقامات پر شاہراہ کو چوڑا کرنے کے کاموں کے لئے ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی’۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل گذشتہ کچھ دنوں سے مسلسل بند ہے۔تاہم سری نگر ہوائی اڈے پر ہوائی ٹریفک حسب معمول جاری رہا۔بتادیں کہ برف باری کے باعث اتوار کے روز سری نگر ہوائی اڈے پر تمام پروازوں کو منسوخ کیا گیا تھا۔
