سرینگر:
محکمہ بجلی نے ریکارڈ مدت میں شہر سرینگر کے گنجان آبادی والے علاقے مہجور نگر کوسمارٹ میٹروں سے جوڑ کر ایک نیا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی وجہ سے محکمہ نے قریب 70فیصد کے بجلی خسارے پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کیا ہے کہ عوامی تعاون کے باوجود محکمہ انہیں حسب وعدہ بلاخلل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہواہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ڈی کشمیریعنی کے پی ڈی سی ایل کی جانب سے کچھ عرصہ قبل مہجور نگر کرسو پادشاہی باغ علاقے میںکیبلنگ اور سمارٹ میٹرنگ کے لئے اقدامات کئے اورمحکمہ کے ملازمین نے اپنا100فیصد ہدف صرف 8مہینے کے دورانیہ میںحاصل کرلیا ۔ معلوم ہواہے کہ مہجور نگر کی ساری کالونیوںسے پرانی ٹرانسمیشن لائن ہٹائی گئی ہے اور پورے علاقے کو اب سمارٹ میٹروں پر منتقل کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں قریب 70فیصد بجلی کی بچت ہورہی ہے اور بجلی فیس کی صورت میں حاصل ہونے والی آمدنی میں 60فیصد اضافہ ہواہے۔
یہ بھی معلوم ہواہے کہ علاقے میں بجلی کی روزانہ کھپت 600ایمپیئر ہوتی تھی جو گھٹ کر اب صرف 200ایمپئیر ہوگئی ہے ۔ علاقے میں تعینات انسپکٹر محمد شفیع نے بتایاکہ انہیں سمارٹ میٹرنگ کے دوران کئی مشکلات پیش آئے یہاں تک کہ کئی بار امن وقانون خراب ہونے کی صورتحال تک نوبت آئی لیکن مقامی شخصیات کے تعاون سے مسائل کو حل کیا گیا۔ محمد شفیع چیچی نے بتایا کہ مقامی لو گ طرح طرح کے خدشات کااظہار کررہے تھے جن کاازالہ کرنے کے لئے جونیر انجینئر محسن بشیر کی سربراہی میںکئی اقدامات کئے گئے۔ انہو ںنے کہا کہ انکے فیلڈ سٹاف خصوصاً فاروق احمد اور عبدالقیوم نے عوامی حلقوں میں بیداری پیداکرنے کے لئے زمینی سطح پر کام کیا جس کے نتیجے میں کمپنی کے ملازمین کوامکان سے بہت کم مزاحمت کاسامنا کرنا پڑا۔ محمد شفیع چیچی نے ایکزیکیٹوانجینئر عبدالرئوف بٹ اور اسسٹنٹ ایکزیکیٹوانجینئر مسٹر عابد حسین کی کوششوںکو بھی سراہا جنہوںنے مشکل مرحلوں پر فیلڈ سٹاف کی رہنمائی کی۔ محمد شفیع نے بتایا کہ رواں موسم سرما کے دوران علاقے میں کوئی بھی ٹرانسفارمر خراب نہیں ہوااور نہ ہی ٹرانسمیشن لائن گرنے کا کوئی واقعہ پیش آیاجس کی وجہ سے محکمہ گزشتہ کئی دہائیوں میں پہلی مرتبہ ایک اوربڑے خسارے سے بچ گیاہے۔
ادھر مقامی لوگوںنے سمارٹ میٹرنگ کے بعد بجلی کی بہتر صورتحال پر اطمینان کااظہار کیا ہے لیکن ساتھ ہی بجلی کی مسلسل دستیابی نہ ملنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ مسجد محمدیہ کی انتظامیہ کمیٹی کے سابق صدر اور سرکردہ شہری جاوید احمد ملک نے اس نمائندے کو بتایاکہ بجلی کی وولٹیج میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے اور لوگ بجلی فیس کی ادائیگی میں بھی محکمہ کو تعاون پیش کررہے ہیں لیکن ابھی تک لوگوںکو مسلسل بجلی فراہم کرنے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔ انہو ںنے انتظامیہ اورمحکمہ کے افسران سے مطالبہ کیاکہ وہ اس حوالے سے فوری اقدامات کریں تاکہ لوگ مایوس نہ ہوں۔ محمد فیصل خان نے اس نامہ نگار کو بتایاکہ محکمہ کے اس کارنامہ کے لئے ایل جی انتظامیہ اورمحکمہ بجلی کے ملازمین مبارکبادی کے مستحق ہیں لیکن اگر علاقے میں مسلسل برقی روفراہم کرنے کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے تو یہ لوگوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی ۔
دریں اثنا مسجد انتظامیہ نے علاقے میں بجلی کی مجموعی صورتحال کی بہتری کے لئے متلعقہ محکمہ کے افسران کا شکریہ اداکیا ہے اور ان سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حوالے سے لوگوں کے چھوٹے چھوٹے مسائل حل کرنے میں فراخدلی کامظاہرہ کیا جائے۔ پی ڈی ڈی سرکل راجباغ کے ایکزیکیٹیو انجینئر عبدالرئوف بٹ نے اس نمائندے کوبتایا کہ انکے محکمہ نے بلاخلل بجلی سپلائی کرنے کے لئے چند اصولوں کاتعین کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مہجور نگر بھی اس حوالے سے متعین کئے گئے اصولوںپر کھرااترے گا تو علاقے کوضرور بلاخلل بجلی فراہم کی جائے گی۔انجینئر عبدالرئوٖف بٹ نے لوگوں کومشورہ دیا کہ وہ سمارٹ میٹرنگ اور کیبلنگ کے لئے تعاون دیں اس کے مفاد عامہ کے لئے دور راس اور بہترنتائج برآمد ہونگے۔
