سری نگر : واد ی کشمیر ،خطہ پیرپنچال اور چناب وادی کے بالائی علاقوں بشمول، گلمرگ، گریز،تلیل ،دودھ پتھری، سونہ مرگ میں بھاری برفباری کا سلسلہ دوران شب سے جاری ہے۔ جبکہ سری نگرسمیت میدانی اور نچلے علاقوںمیںایک ساتھ ہلکی برف باری اور بارش کاسلسلہ جاری رہا ۔سری نگرجموں قومی شاہراہ کو کچھ مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں گرآنے کے بعد بند کردیاگیا جبکہ سری نگر لیہ شاہراہ ،گریز بانڈی پورہ روڑ اور کپوارہ،کرناہ سڑک پر بھی ٹریفک معطل رہا۔اس دوران کشمیر یونیورسٹی کے 19اور20 فروری کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دئیے۔ پیرکوصبح 8 بجے تک سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک فٹ سے زائد جبکہ سونہ مرگ میں قریب3 فٹ برف جمع ہوئی تھی اور دونوںمقامات پر برف باری کاسلسلہ پیر کی سہ پہرتک وقفے وقفے سے جاری تھا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ پیر کی صبح ساڑھے8 بجے تک سونمرگ میں نہ رکنے والی برف باری جاری تھی اور گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران تقریباً 3 فٹ تازہ برفباری جمع ہوئی ہے۔ فی الحال علاقے میں بہت زیادہ برف باری ہو رہی ہے۔وادی گریز میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کی رات سے پیر کی صبح 8بجے تک ایک فٹ سے زیادہ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق گلمرگ میں بہت زیادہ برف باری ہو رہی ہے۔اتوار کی رات سے یہاں تقریباً 2 فٹ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔ادھر وادی تلیل میں شدید برف باری ہونے کے بعد اڑھائی فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے جبکہ دودپتھری بڈگام میں ہلکی ہلکی برف باری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ پچھلے24گھنٹوںمیں پیر کی صبح ساڑھے8 بجے تک سری نگر میں 12.4 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں12.8 ملی میٹر، پہلگام میں18.6 ملی میٹر، کپواڑہ میں42.7 ملی میٹر (ایک فٹ برف)، کوکرناگ میں8.0 ملی میٹر، گلمرگ میں41.8 ملی میٹربارش (16 انچ برف)، پانپورمیں 7.4 ملی میٹر، سری نگرایئرپورٹ میں7.4 ملی میٹر، اونتی پورہ میں6.2 ملی میٹر، اننت ناگ میں7.0 ملی میٹر، لارنو کوکرناگ میں2.0 ملی میٹر، پلوامہ میں5.0 ملی میٹر، ترال میں4.5 ملی میٹر، گاندربل میں22.0 ملی میٹر، بڈگام میں17.0 ملی میٹر، بارہمولہ میں45.0 ملی میٹر، بانڈی پورہ میں35.0 ملی میٹر ،شوپیان میں7.0 ملی میٹر اور کھڈونی کولگام میں1.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ۔حکام نے بتایاکہ پیر کو دن بھر وقفے وقفے سے برف باری اور بارشوںکا سلسلہ جاری رہنے کے بعد بالائی علاقوںمیں جمع شدہ برف کی مقدار بڑھ گئی جبکہ نچلے اور میدانی علاقوںمیں بارشوںکی مقدار میں اضافہ ہوا ۔
اس دوران جموں سری نگر شاہراہ میہد، رام بن میں مٹی کے تودے اور تبیلا چمل واس، بانہال میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے بند کی گئی۔ٹریفک پولیس نے کہاکہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ موسم بہتر ہونے اور سڑک صاف ہونے تک قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کریں۔ سرینگر لیہہ ہائی وے شدید برف باری کی وجہ سے بندکردی گئی ہے ۔حکام نے بتایاکہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری نے پیر کو جموں و کشمیر میں کشمیر سے نکلنے والی بیشتر شاہراہوں کو بند کر دیا ۔محکمہ ٹریفک کے حکام نے بتایا کہ سری نگر-لیہہ، مغل روڈ، بانڈی پورہگریز روڈ، سنتھن کشتواڑ اور کیرن وکرنا سرحدی قصبوں کی طرف جانے والی سڑکیں بھی بند ہیں۔دریں اثناءموجودہ موسمی صورتحال کی وجہ سے کشمیر یونیورسٹی کے 19 اور 20 فروری کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔حکام نے بتایاکہ ملتوی شدہ پرچوں کے انعقاد کی تازہ تاریخیں الگ سے بتائی جائیں گی۔
