سرینگر۔;صحت اور طبی تعلیم کے سکریٹری ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج ، اننت ناگ اور رحمت عالم اسپتال، ایم سی ایچ کا دورہ کیا تاکہ وہاں کے بیماروں تک فراہم کی جارہی صحت کی خدمات کا جائزہ لیا جاسکے۔انہوں نے ہسپتالوں کے تمام وارڈز کا ایک وسیع چکر لگایا تاکہ ان ہیلتھ کیئر اداروں میں مریضوں کو دستیاب تشخیصی اور علاج کی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے ساتھیوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے بارے میں رائے طلب کی۔
ڈپٹی کمشنر ایس ایف حامد اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کے علاوہ دیگر سینئر افسران سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران، سکریٹری نے جی ایم سی اننت ناگ میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے اور خدمات کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا، مریضوں کی دیکھ بھال، بنیادی ڈھانچے، طبی آلات اور ہسپتال کی مجموعی آپریشنل کارکردگی پر توجہ مرکوز کی۔
