سری نگر: موسمیاتی مرکز سری نگر نے تازہ موسم کاری میں بتایاکہ بدھ کے روز موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور ہلکی برف باری ہوگی۔موسمیاتی مرکز نے کہا کہ 29 فروری بروز جمعرات کی شام یارات کے بعد سے فعال مغربی ہواؤں کی جانب سے جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں کو متاثر کرنے کا سب سے زیادہ امکان ہے اور جموں و کشمیر میں اول مارچ کی رات اور صبح سے 3مارچ کی دوپہر تک وسیع پیمانے پر درمیانی بارش وبرف باری کا سبب بن سکتا ہے جبکہ2 مارچ کوموسمی سرگرمی اپنی عروج پرہوگی۔جبکہ کچھ مقامات پر یکم اور 2 مارچ کے دوران گرج چمک کیساتھ ژالہ باری اور تیز ہواو¿ں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
موسمیاتی مرکزرام باغ سری نگر کے سربراہ کی جاری کردہ ایڈوائزری میں مزیدکہا گیاہے کہ مذکورہ سسٹم جموں ڈویڑن کے پیرپنجال رینج اور کشمیر ڈویڑن (اننت ناگ،پہلگام، کولگام، سنتھن پاس، شوپیان،پیر کی گلی، سونمرگ ،زوجیلا، بانڈی پورہ،رازدان پاس، گلمرگ اور کپواڑہ،سچنا پاس)میں بھاری برف باری اور بارشوںکا موجب بن سکتاہے ۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ موسمی سرگرمی جموں سری نگر قومی شاہراہ اور جموں و کشمیر کے درمیانی اور اونچی رسائی کی دیگر بڑی سڑکوں سمیت سطحی اور ہوائی نقل و حمل میں خلل کا باعث بن سکتی ہے۔ماہر موسمیات ڈاکٹر مختار نے برف باری والے علاقوں کے لوگوں سے کہاہے کہ وہ میلا اور برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
انہوںنے یہ بھی کہاہے کہ خطرناک علاقوں میں زمین کھسک جانے ، مٹی کے تودے اور پتھرگرآنے کے امکانات زیادہ تر ہیں۔ کسانوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران فارم کے تمام کاموں کو روک دیں۔چند درمیانی اور بالائی علاقوں میں بھاری سے بہت بھاری برفباری کے پیش نظر مسافروں وسیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں اور اانتظامیہ وٹریفک پولیس کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔ پہاڑی علاقوں میں رہنے والے عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ برفانی تودے کے شکار علاقوں اور ڈھلوان علاقوں میں سفر نہ کریں۔ (برفانی تودے کے انتباہات اور مشورے پر عمل کریں)۔دریں اثنا، وادی کشمیر میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات درجہ حرارت میں بہتری آئی اور بدھ کو تمام بڑے اسٹیشنوں پر معمول سے زیادہ رہا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ سری نگر میں منگل اور بدھ کی درمیانی راتوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ، قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ، کوکرناگ میں 1.1 ،گلمرگ میں کم از کم درجہ حرارت منفی5.6،پہلگام کے سیاحتی مقام پر پارہمنفی2.6 ،سونہ مرگ میں منفی 7.2،اور کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔موسمیاتی مرکز کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق بارہمولہ ،بانڈی پورہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،شوپیان ،کولگام اور انت ناگ میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت کئی کئی ڈگری سینٹی گریڈبہتری کیساتھ نقطہ انجماد سے اوپرریکارڈ کیاگیا۔
