سری نگر22دسمبر(یو این آئی)جموں وکشمیر کے وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کے روز واضح کیا کہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن سے قبل لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے ہیں انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا؛’میں ریزرویشن سے متعلق جذبات کو سمجھتا ہوں۔ ‘
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کی شام ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ریزرویشن معاملے پر موجودہ سرکار نے کمیٹی تشکیل دی ہے جنہیں وقت مقررہ کے اندرا ندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات سے پہلے جاری کردہ منشور میں لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں ہر حال پورا کیا جائے گا۔
وزیرا علیٰ نے کہاکہ جہاں تک ریزرویشن کا معاملہ ہے تو سرکار نے کابینہ کی ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ، اس کمیٹی کو تمام اسٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لینے کے احکامات صادر کئے گئے۔
عمر عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ ریزرویشن پالیسی کو اب جموں وکشمیر لداخ ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا ہے ۔
آغا روح اللہ مہدی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے پر عمر عبداللہ نے کہا:’ریزرویشن پالیسی کی نا انصافی کو اجاگر کرنے کی خاطر سری نگر میں کل احتجاج کا پروگرام بنایا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہاکہ پر امن احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے لیکن براہ کرام یہ جان کر احتجاج کریں کہ اس مسئلے کو موجودہ سرکار نے نظر انداز نہیں کیا اور نہ ہی ٹھنڈے بستے میں ڈالا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت اس پر کام کر رہی ہے اور اس معاملے پر سب کی بات سنی جائے گی اور مناسب کارروائی مکمل ہونے کے بعد منصفانہ فیصلہ بھی سامنے آئے گا۔
