سری نگر22دسمبر(یو این آئی)آغا روح اللہ کا کہنا ہے کہ وہ ریزرویشن پالیسی پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی گپکار میں واقع سرکاری رہائش گاہ کے باہر پر امن اور پر وقار احتجاج میں حصہ لیں گے۔بتادیں کہ ریزرویشن پالیسی کو کالعدم قرار دینے کی خاطر حکومت نے پہلے ہی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر کے ممبر پارلیمان اور نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر آغا روح اللہ مہدی نے اعلان کیا کہ وہ پیر کے روز وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی سرکاری رہائش گاہ واقع گپکار میں پر امن دھرنا دیں گے۔انہوں نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ریزر ویشن پالیسی پر نظر ثانی کی خاطر لوگوں پر زور دیا کہ وہ 22دسمبر تک انتظار کریں تاکہ اس مسئلے کو حل کرنے کی خاطر حکومت کو وقت دیا جا سکے۔انہوں نے کہا:’میں نے لوگوں کو 22دسمبر تک کا وقت دیا تھا لہذا پیر کے روز دو بجے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی دھرنے میں شامل ہوں گا ۔ ‘
آغا روح اللہ مہدی کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران تشکیل دی گئی ذیلی کمیٹی کے کام کاج کا مشاہدہ کیا لیکن لوگوں سے جو وعدہ کیا اس پر چٹان کی طرح قائم ہوں۔ذرائع کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر کی جانب سے اپنی حکومت کے خلاف دھرنا دینے کی وجہ سے پارٹی میں ہلچل مچ گئی ہے ۔باوثوق ذرائع کے مطابق آغا روح اللہ مہدی کو منانے کی کوششیں ہو رہی ہیں کہ وہ دھرنے کو موخر کرئے ۔واضح رہے کہ امسال کے شروع میں اسمبلی انتخابات سے قبل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیر قیادت انتظامیہ کی طرف سے متعارف کرائی گئی پالیسی کی وجہ سے اوپن میرٹ کے لئے سو میں سے صرف 40فیصد اور مختلف زمروں کے لئے 60فیصد کوٹا مختص رکھا گیا جس کے خلاف سبھی سیاسی پارٹیوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس پالیسی کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
