سرینگر،13جون:
سابق کابینہ وزیر اور جموں کشمیر اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے دیہی ترقی محکمہ کے منریگا ملازمین کی مسلسل ہڑتال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے محکمہ میں ترقیاتی کام رُک گیا ہے۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ ناراض ملازمین کے مطالبات اور مسائل کو حل کرنے کےلئے ذاتی طور مداخلت کریں۔
موصولہ بیان میں غلام حسن میر نے کہا، ” یہ تشویش کی بات ہے کہ محکمہ دیہی ترقی میں ملازمین کی مسلسل ہڑتال کی وجہ سے ترقیاتی کام متاثر ہورہا ہے۔ دیہات میں ترقیاتی کام انجام دینے اور ملازمتوں کے مواقعہ پیدا کرنے کا ذمہ اسی محکمہ پر ہے۔ لیکن ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے نہ صرف زیر تکمیل پروجیکٹس پر کام رکا ہوا ہے، بلکہ نئے تخمینے اور نئے کاموں کی شروعات بھی نہیں کی جاسکتی ہے، جو کہ ایک بہت بڑا نقصان ہے۔”
انہوں نے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے اس مسئلے کو حل کرانے کےلئے ذاتی طور مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منریگا ملازمین کی جانب سے انہیں مستقل کرنے اور اُن کی تنخواہوں میں اضافے سمیت متعدد مانگیں ہیں۔ حکومت کو ان کے مطالبات پر غور کرنے اور ان کی جائز مانگوں کو پورا کرنے کے حوالے وسعت قلبی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
