سری نگر،16جون
جنوبی ضلع اننت ناگ کے ہانگل گنڈ کوکر ناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔آئی جی کشمیر کے مطابق دو میں سے ایک بی جے پی سرپنچ اور اُس کی اہلیہ کے قتل میں براہ راست ملوث تھا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کو سیکورٹی فورسز نے ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد کوکر ناگ کے ہانگل گنڈ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران علاقے میں موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو مارے گئے۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کوکر ناگ تصادم میں دو جنگجو مارے گئے جن کی شناخت جنید اور باسط بٹ کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجو حزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھے۔اُن کے مطابق باسط نامی مہلوک جنگجو نے ہی 9 ستمبر 2021 کے روز اننت ناگ میں بی جے پی سرپنچ غلام رسول ڈار اور اُس کی اہلیہ (پنچ ) کا قتل کیا تھا۔
