سرینگر،5 جولائی:
محکمہ موسمیات نے منگل کو جموں و کشمیر میں مزید بارش کی پیشنگوئی کی ہے،محکمہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں کو محتاط رہنے اور سیلاب کے خطرے سے دوچار مقامات کے قریب جانے سے گریز کرنے کو کہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آج صبح جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی اور اب بھی ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا، اگلے 24-36 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گلیشیئرز کے پگھلنے اور ان ندی نالوں میں بارش کے پانی کے اضافے کی وجہ سے مقامی ندی نالوں، ندیوں وغیرہ میں پہلے ہی بہت زیادہ پانی موجود ہے، جس وجہ سے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے۔ اہلکار نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ محتاط رہیں اور ایسی جگہوں کے قریب جانے سے گریز کریں جہاں سیلاب وغیرہ کا خطرہ ہو۔
