جموں ,16 جولائی :
ہندوستانی فوج کے اہلکاروں نے ضلع پونچھ کے سرحدی علاقے کھاری کرمادہ سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے والی پاکستان کے اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خاتون کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کا عمل شروع کردیا ہے۔
معلومات کے مطابق، جمعہ کی شام دیر گئے کھاری کرمادہ میں واقع ہند-پاک لائن آف کنٹرول کی اگلی پوسٹوں پر تعینات ہندوستانی فوج کے اہلکاروں نے مائن فیلڈ کے پار ہندوستانی علاقے میں جھاڑیوں کے درمیان نقل و حرکت دیکھی۔ چوکس بھارتی فوج کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پاکستان کے شہر اسلام آباد کی رہائشی خاتون نے جھاڑیوں میں چھپ کر فوجیوں کو اپنی طرف آتے دیکھ کر واپس ایل او سی کی طرف بھاگنے کی کوشش کی تاہم بھارتی فوج کے جوانوں نے اسے رکنے کو کہا ۔خود کو گھیرے میں دیکھ کر خاتون نے ہتھیار ڈال دئیے۔جس کے بعد خاتون کو پوچھ گچھ کے لیے فوجی کیمپ لایا گیا۔ گرفتار خاتون کی شناخت روزینہ سکنہ فیروز آباد اسلام آباد پاکستان کے نام سے بتائی جا رہی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ دو روز قبل اس سیکٹر سے دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ہندوستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جسے فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیا تھا۔
