سرینگر،28 جولائی :
جموں و کشمیر میں جاری بارش نے حالات کو ابتر بنا دیا ہے۔ بارش کے باعث معمولات زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ جموں سری نگر قومی شاہراہ کے علاوہ اندرونی رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئیں ہیں۔بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں کے پانی میں کافی اضافہ ہوا ہے ۔
محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔ ایسی صورت حال میں لینڈ سلائڈنگ اور دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو پوری طرح محتاط رہنا چاہیے۔ اگر ضروری نہ ہو تو پہاڑی علاقوں میں نہ جائیں۔ شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کے ماہر موسمیات ڈاکٹر مہندر سنگھ نے بتایا کہ بارش کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا۔ ہفتہ سے بارش رک جائے گی۔ اس کے بعد 5 اگست کے قریب بارش کے امکانات ہیں۔مزید بتایا کہ بارشوں میں کمی سے دریاؤں اور نالوں کے پانی کی سطح بھی قدرے کم ہونے لگی ہے۔
دریائے چناب جو خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا تھا اب کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے لوگوں کو ، ندی نالوں سے دور رہنے کو کہا ہے۔ دریا کے قریب رہنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ احتیاط کریں، لوگوں سے کہا گیا ہے کہ پانی کی سطح کم ہونے پر بھی اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔گزشتہ ماہ کے دوران معمول کی بارش سے کسان خوش تھے لیکن ساون کے مہینے میں شروع ہونے والی بارش رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے جس وجہ سے کسانوں کے لیے کھیتوں میں جانا مشکل ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس ہفتے جیلو الرٹ جاری ہے۔
کئی مقامات پر بارش کے امکانات ہیں۔اس ہفتے 29 جولائی تک بارش ہوتی رہے گی اور پورے ہفتہ ابر آلود موسم جاری رہے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بوندا باندی کے درمیان گرج چمک کےساتھ بارش ہوگی۔ جس کی وجہ سے موسم خوشگوار رہے گا۔اس دوران جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29.1، کم سے کم درجہ حرارت 25.3 ڈگری سیلسیس رہا۔ جموں ڈویژن کے دیگر شہروں میں درجہ حرارت اس سے کم رہا۔ سری نگر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.4،اور کم سے کم درجہ حرارت 19.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔
ادھر حکومت کے بلند بانگ سمارٹ سٹی دعووں کے بیچ معمولی بوندا باندی کے ساتھ ہی شہر کے اکثر علاقے پانی میں ڈوب جاتے ہیں۔بارشوں کے ساتھ ہی سری نگر کے بمنہ کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے جس وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آتی ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ گرچہ شہر سری نگر کو سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کی خاطر اس وقت ضلعی انتظامیہ ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے اور پورے شہر میں سڑکوں کو کھود کر ڈرین تعمیر کی جارہی ہیں لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ معمولی بارشوں کے ساتھ ہی شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔
