جموں ،2 اگست:
جموں و کشمیر کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 570 یاتریوں کا ایک اور قافلہ جنوبی کشمیر کے ہمالیہ میں واقع امرناتھ کے 3,880 میٹر اونچی گپھا کے لیے روانہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ یاتریوں کا 33 واں قافلہ 21 گاڑیوں کے قافلے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی سخت حفاظت کے درمیان روانہ ہوا۔
حکام کے مطابق بالتال جانے والے 346 عقیدت مند 10 گاڑیوں میں سب سے پہلے جموں بیس کیمپ سے روانہ ہوئے اور اس کے بعد 11 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 224 یاتریوں کو لے کر پہلگام روانہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ مقدس گھپا کے درشن کرنے والے عقیدت مندوں کی تعداد میں زبردست کمی واقع ہو رہی ہے کیونکہ یاترا اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے ۔
29 جون سے کل 1,43,693 یاتری وادی کے لیے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوئے ہیں۔یہ یاترا 11 اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر ختم ہونے والی ہے۔یکم جولائی کو امرناتھ گپھاکے نزدیک میں آنے والے سیلاب میں ہلاک ہونے والے 15 عقیدت مندوں کو چھوڑ کر اب تک کل 36 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
