سری نگر،03اگست:
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کو ایک نئی ٹویٹر ڈسپلے تصویر ڈالی ،جس میں ان کے مرحوم والد مفتی محمد سعید اور وزیر اعظم نریندر مودی کو قومی پرچم(ترنگا) اور جموں و کشمیر کے اب غیر تسلیم شدہ پرچم کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔
اتوار کو نشر ہونے والے اپنے من کی بات ریڈیو پروگرام میں، وزیراعظم مودی نے کہا تھا کہ آزادی کا امرت مہوتسو ایک عوامی تحریک میں بدل رہا ہے اور لوگوں سے 12 سے15 اگست کے درمیان اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس کی پروفائل تصویر کے طور پر ترنگالگانے کی اپیل کی ہے۔
نئی ڈسپلے پکچر لگاتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کا جھنڈا شاید چھین لیا گیا ہو، لیکن اسے لوگوں کے اجتماعی ضمیر سے نہیں مٹایا جا سکتا۔ مفتی محمد سعید اور وزیر اعظم نریندر مودی کی یہ تصویر نومبر2015 میں وزیر اعظم کے دورہ کشمیر کے دوران ایک ریلی سے لی گئی تھی جب مفتی سعید سابق ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔محبوبہ نے ٹویٹ کیا ”میرا ڈی پی تبدیل کر دیا ہے کیونکہ جھنڈا خوشی اور فخر کی بات ہے۔ ہمارے لئے ہمارا ریاستی جھنڈا ہندوستانی پرچم سے ناقابل واپسی طور پر جڑا ہوا تھا۔ اسے چھین لیا گیا اس طرح لنک ٹوٹ گیا۔ ہو سکتا ہے آپ نے ہمارا جھنڈا چھین لیا ہو لیکن اسے ہمارے اجتماعی ضمیر سے نہیں مٹا سکتے۔
سابق وزیراعلیٰ کا ٹویٹر پوسٹ بھی آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کی تیسری سالگرہ سے دو دن پہلے آیا ہے جس نے جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دی تھی۔خصوصی حیثیت کی منسوخی کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کے پرچم کو بھی غیر تسلیم کیا گیا تھا۔
