سرینگر، 05 اگست:
جموں و کشمیر حکومت نے جمعہ کو انڈر سکریٹری کے عہدے سے اوپر کے تمام عہدیداروں کو جموں اور سرینگر میں 15 اگست کو یوم آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت نے ایک حکم نامے میں کہا کہ کسی بھی قسم کی غیر حاضری صرف اپنے اعلیٰ افسر کی پیشگی اجازت سے ہی جائز ہوگی۔یوم آزادی ایک اہم قومی تقریب ہے جو ہر سال 15 اگست کو منایا جاتا ہے۔ تمام سرکاری ملازمین کا فرض ہے کہ وہ ہماری قوم کی تاریخ کے ایک اہم موڑ کی یاد منانے میں اس تقریب کاحصہ بنیں۔
سرکاری حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ سرینگر اور جموں میں تعینات یونین ٹیریٹری میں انڈر سیکریٹریز کے رینک سے اوپر کے تمام افسران کو جموں و کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم، سونہ وار، سرینگر اور مولانا آزاد اسٹیڈیم میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غیر حاضری صرف اپنے اعلیٰ افسر کی پیشگی اجازت کے ساتھ ہی جائز ہوگی۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام انتظامی سیکرٹریوں، محکموں کے سربراہان، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگز کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹوز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے اور سرینگر اور جموں میں تعینات تمام افسران اور اہلکاروں کو اس تقریب میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
