جھنجھنو، 6ستمبر:
راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے منڈاوا علاقے کے بہادرواس گاو¿ں کی بہو انیتا جانو نے نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ 48 سال کی عمر میں انیتا نے اپنی 25 سالہ بیٹی نوپور جانو کے ساتھ سمندر پار جنوبی افریقہ کے ڈربن میں 90 کلومیٹر دوڑ کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ کامریڈز الٹرا میراتھن 2022 میں انیتا اور نوپور نے 90 کلومیٹر کی دوڑ 10 گھنٹے 52 منٹ 31 سیکنڈ میں مکمل کی۔ 28 اگست کو منعقدہ الٹیمیٹ ہیومن ریس 100 ویں کامریڈس الٹرا میراتھن میں ہندوستان کے تقریباً 211 رنر نے صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ اس میں ہندوستان بھر سے چھ خواتین تھیں۔ ان میں سے دو راجستھان کے جھنجھنو ضلع سے تھیں۔
جانو کے خاندان کے رکن پرمود جانو نے بتایا کہ انیتا اس سے قبل مارچ 2022 میں جے پور میں منعقدہ جے پور میراتھن میں 4 گھنٹے 16 منٹ میں 42 کلومیٹر دوڑ چکی تھی۔ وہ جے پور میں دوسرے نمبر پر رہی۔ اس وقت انہیں بہترین خاتون سپرنٹر کا خطاب ملا تھا۔ انیتا کا میکہ آبوسر گاو¿ں میں ہے۔ وہ ایک گھریلو خاتون ہیں جبکہ نوپور گروگرام میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں کام کر رہی ہیں۔ انیتا کے سسر گنیش جانو نے بتایا کہ انہیں اپنی بہو اور پوتی پر فخر ہے۔
انیتا نے وزن بڑھنے کے بعد 44 سال کی عمر میں دوڑنا شروع کیا۔ اس کے بعد جیسے جیسے وزن کم ہوا، دوڑ تیز ہوتی گئی۔ ایک جگہ ماں کو اعزاز سے سر فراز ہوتے دیکھ کر بیٹی بھی بھاگنے لگی۔ نوپور نے اپنے والد انیل جانو کے ساتھ دسمبر 2021 میں جیسلمیر میں منعقدہ 100 کلومیٹر الٹرا میراتھن ریس 15 گھنٹے میں مکمل کی۔ انیل جانو ہندوستانی فضائیہ میں گروپ کیپٹن ہیں۔
