سرینگر،22ستمبر:
جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کا کہنا ہے کہ ستمبر کے آخر تک جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں سبھی اراضی مالکان کو ڈیجیٹل لینڈ پاس بک مل جائیں گے۔‘‘ سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ارون کمار مہتا نے کہا کہ اراضی پاس بک تین مختلف زبانوں – بشمول ہندی، انگریزی اور اردو میں جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ پہلا موقع ہو گا کہ اراضی کے پاس بکس، مقامی زبانوں میں جاری کیے جائیں گے جسے لوگ آسانی کے ساتھ سمجھ سکیں گے۔‘‘ ارون کمار نے بتایا کہ اس سے قبل اراضی دستاویز ایک ایسے زبان اور ایسے خط میں لکھے جاتے تھے جو عام عوام کی سمجھ سے بالا تر تھے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ ڈیجیٹل پاس بک سے لینڈ مافیا سمیت دیگر کئی جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
’’مشن یوتھ جموں و کشمیر‘‘ کے تحت سرینگر میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں کے ساتھ کھیل مقابلوں کی اہمیت کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیل مقابلوں کی جانب راغب کرنے کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تندرست معاشرے کے لیے نوجوانوں کا جسمانی و ذہنی طور تندرست ہونا ناگزیر ہے اور ذہنی و جسمانی تندرستی کے لیے کھیل مقابلوں میں شرکت انتہائی لازمی ہے اور کھیل مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑی سماج و ملک مخالف سرگرمیوں خصوصاً منشیات سے دور رہتے ہیں۔
مہتا نے مزید کہا کہ ’’جو لوگ منشیات کا شکار ہیں انہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ انہیں معاشرے کی مدد کی ضرورت ہے۔ سرکار نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور ایسی ہی ایک کوشش یہ ہے کہ ہم کھیلوں کی تقریبات کا انعقاد کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو اچھی اور صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھا جا سکے۔‘‘
