سرینگر،22 ستمبر:
وادی کشمیر کو دنیا کے باقی حصّوں کے ساتھ جوڑنے والی جموں سری نگر قومی شاہراہ 27 ستمبر تک روزانہ چار گھنٹے ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ تاکہ شاہراہ پر مختلف مقامات پر بارش کی وجہ سے پہاڑی سے گرے ہوئے ملبے ،پتھروں کو ہٹایا جا سکے اور دیگر مرمت کا کام کیا جا سکے۔
چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا کی طرف سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق مرمت کے کام کے دوران صبح 3 بجے سے صبح 7 بجے تک ٹریفک روک دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے قومی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ زدہ حصّوں کی فوری مرمت کرنے کے لئے جمعہ سے پانچ دنوں کے لیے ٹریفک کو چار گھنٹے کے لیے روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔مہتا نے افسران سے کہا کہ وہ شاہراہ پر پھلوں سے لدے ٹرکوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے افسران سے بانہال اور رامبن کے درمیان شاہراہ کے حصّے کی ڈبل لیننگ اور اس کے بعد بلیک ٹاپنگ کا کام دس دنوں کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔چیف سیکرٹری نے پانچ دنوں کے دوران ٹریفک کی نقل و حرکت میں کم سے کم رکاوٹیں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور عہدیداروں سے کہا کہ وہ صرف رات کے وقت ٹریفک کو روکیں۔تاکہ مسافروں کو کسی بھی قسم سے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اُنہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ٹریفک کے بہتر انتظام کے لئے مختلف سائنسی طریقوں جیسے جی پی ایس ٹکنالوجی کا استعمال اور روڈ سیفٹی گیئر حاصل کریں۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ 213 بائیکس (ہر تھانے کے لیے ایک)، 110 رائل اینفیلڈ بائیکس، 23 کرینیں، 20 موبائل وہیکل انٹرسیپٹرز، 16 ہائی وے پٹرولنگ وہیکلز کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے اور ان کے حسب ضرورت استعمال کے لیے ان کی ریٹروفٹنگ جاری ہے۔یہ بھی بتایا گیا کہ ٹریفک کے دیگر آلات کے حصول پر 152 لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جا رہی ہے۔
