جموں، 23 ستمبر:
سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے رہنما ڈاکٹر کرن سنگھ نے کشمیر میں سنیما ہالوں کے کھلنے کو معمول کی شروعات قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار ڈل جھیل کو اتنا صاف دیکھا ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک قومی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ سینما ہالز کا دوبارہ کھلنا حالات معمول پر آنے شروعات ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
کچھ دن پہلے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر میں تین دہائیوں کے بعد ملٹی پلیکس سنیما ہال کا افتتاح کیا تھا اور وادی سمیت جموں و کشمیر میں مزید سنیما ہال کھولنے کی تجویز ہے۔ ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ سری نگر کی تاریخی ڈل جھیل کی صفائی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنی صاف ڈل جھیل نہیں دیکھی۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے اعلان پر ڈاکٹر کرن سنگھ نے اس فیصلے کو بہت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہری سنگھ کو کبھی بھی ان کا حق نہیں ملا۔ انہوں نے اصلاحات کا ایک سلسلہ شروع کیا۔ اُنہوں نے سب کے لیے مندر کھولے، اسکول اور کالج بنائے۔ یہ ان کی خدمات کے اعتراف میں تاخیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کا اعلان پورے جموں و کشمیر بالخصوص ڈوگروں کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے مہاراجہ ہری سنگھ کی طرف سے اپنے دور میں کی گئی اصلاحات کا تفصیل سے ذکر کیا۔
ڈاکٹر کرن سنگھ نے ان تمام لوگوں کی تعریف کی جنہوں نے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر تعطیل کے اعلان کے لیے تحریک میں حصہ لیا۔ خاص طور پر یووا راجپوت سبھا، جو کہ تحریک میں سب سے آگے تھی۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی طرف سے بھارت جوڑو یاترا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، ڈاکٹر کرن سنگھ نے کہا کہ کانگریس اب بھی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے۔ بھارت جوڑو یاترا کا آئیڈیا اچھا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں سرگرم نہیں ہیں اور 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کی امیدوں کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
