سرینگر، 25 ستمبر:
جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ شہریوں کی حفاظت کے لیے 2,783 زیر زمین بنکر مکمل کیے گئے ہیں۔ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر، راجوری، وکاس کنڈل نے ضلع میں محکمہ تعمیرات عامہ اور دیہی ترقی محکمہ کی طرف سے تعمیر کیے جانے والے سرحدی بنکروں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی کو بتایا گیا کہ محکمہ دیہی ترقی نے اب تک 1,528 بنکر مکمل کیے ہیں، جبکہ 1,255 بنکر محکمہ تعمیرات عامہ نے مکمل کیے ہیں۔
کنڈل نے افسران سے کہا کہ وہ سلیب سطح کے تمام بنکروں کا کام ایک ہفتہ میں مکمل کریں اور باقی تمام بنکروں کا کام دو ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام سرحدی باشندوں کو بنکر فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی جانیں سرحد پار سے ہونے والی گولہ باری سے بچ سکیں۔
بتا دیں کہ گزشتہ برس فروری سے جموں و کشمیر میں سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستان کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سرحد پار سے گولہ باری تقریباً ختم ہو گئی ہے۔
