سرینگر، 28 ستمبر:
جموں و کشمیر کی انتظامیہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جیلوں کی نگرانی اور انتظام کے لیے ایک نئے جیل مینول کی نقاب کشائی کی ہے۔ جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ نیا جیل مینوئل 17 اگست 2022 سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔
جیل مینوئل جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری میں جیلوں کی نگرانی اور انتظام کے لیے تفصیلی رہنما خطوط اور ہدایات پر مشتمل ہے۔ اس وقت جموں و کشمیر میں 14 فعال جیلیں ہیں جن میں دو سینٹرل جیل، 10 ڈسٹرکٹ جیل، ایک خصوصی جیل اور ایک سب جیل شامل ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے اپ گریڈڈ جیل مینوئل کو حتمی شکل دینے میں تاخیر پر حکومت کی بار بار کھنچائی کی تھی۔ فروری 2019 میں، ریاستی حکومت کی طرف سے عدالت کو مطلع کیا گیا تھا کہ جیل مینوئل کا مسودہ جانچ کے لیے ایک کمیٹی کے سامنے ہے۔ 19 اپریل، 2019 کو، ہائی کورٹ کو جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے مطلع کیا گیا کہ جیل مینول کو حتمی شکل دینے میں تاخیر سابقہ ریاست میں پولنگ کے ساتھ محکمہ داخلہ کی مصروفیت کی وجہ سے ہوئی ہے۔
