سرینگر / 30 ستمبر:
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر مولوی افتخار انصاری کو ان کی 8ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔۔اس موقعے پرقائدین نے مولانا افتخار انصاری کو یاد کیا اور انہیں شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پسماندہ لوگوں کی بہتری ، ان کے وقار، اور حقوق کی بحالی اور انہیں باوقار بنانے کے لئے بے مثال عزم و ارادے کے ساتھ لڑنے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔
قائدین نے جموں و کشمیر کے سماجی و سیاسی میدان میں مولانا صاحب کی زبردست خدمات کو بھی اجاگر کیا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو بااختیار بنانے میں ان کی انتھک کوششوں کو سراہا گیا۔ تقریب میں اس بات کا بھی اظہار کیا گیا کہ مرحوم نے نوجوان سیاسی رہنماؤں کو تیار کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ مرحوم ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہو کر اصولوں اور اقدار کی پاسداری کے لئے ایک مثالی کردار اور جدوجہد کا دامن تھام لیتے تھے ۔
اس موقع پر قائدین نے فاتحہ خوانی کی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔اس یادگاری تقریب کی صدارت پیپلز کانفرنس کے سینئر نائب صدر عبدالغنی وکیل نے کی ۔۔اس موقع پر دیگر پارٹی کارکنان کے علاوہ سینئر رہنما سید بشارت بخاری، نذیر احمد لاوے، راجہ اعجاز علی، محمد عباس وانی، محمد اشرف میر، عدنان اشرف میر، عرفان مٹو، سلیم پرے۔ مدثر کریم، محمد سلیمان بٹ اور تصدق یاسین بھی موجود تھے ۔
