جموں، یکم اکتوبر:
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورہ جموں و کشمیر سے قبل ریاست میں مشتبہ سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ کٹھوعہ علاقے میں رات کے وقت گاؤں والوں نے پاک سرحد کی طرف سے ڈرون کی نقل و حرکت کے بارے میں بھی سیکورٹی فورسز کو اطلاع دی جس کے بعد مشترکہ فورسسز کی طرف سے تلاشی مہم شروع کی گئی ۔ڈرون الرٹ کے بعد علاقے میں مستعدی بڑھا دی گئی ہے۔ خاص طور پر جب وزیر داخلہ ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ اسے سنجیدگی سے لیتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے مذکورہ علاقے میں ناکوں اور سیکورٹی کو بڑھا دیا ہے۔
دِن میں ڈرون کے ذریعے ہتھیار اور منشیات کی کھیپ گرانے میں ناکامی کے بعد اب رات کے اوقات میں ڈرون کی سرگرمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ممکن ہے کہ نئی حکمت عملی کے تحت اس بار پاکستان نے دن میں پکڑے جانے کے خوف سے رات کو ڈرون بھیجے ہوں۔ اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ڈرون سے بھیجے گئے اسلحے کو پھینکتے وقت پکڑنے والا بھی وہاں پہنچ گیا تھا۔ رات کا وقت ہونے کی وجہ سے کسی نے کھیتوں میں کوئی سرگرمی کیوں نہیں دیکھی ہوگی لیکن اندھیرے کی آڑ میں وہاں اُگتی گھاس کی آڑ میں سامان گرانے کے بعد وہ واپس پاکستان چلا گیا ہو گا۔ حالانکہ یہ تحقیقات کا معاملہ ہے کیونکہ ہیرا نگر کا سرحدی علاقہ بھی ڈرون دراندازی کے معاملے میں انتہائی حساس ہے۔ تاہم بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر گشت بڑھا دیا ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے دورہ جموں و کشمیر کے پیش نظر جموں شہر میں بھی سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔
