جموں ،4 اکتوبر:
جموں و کشمیر میں ڈائریکٹر جنرل (جیل) ہیمنت کمار لوہیا جموں شہر کے مضافات کے ایک گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ اے ڈی جی پی جموں زون مکیش سنگھ نے کہا کہ ڈی جی جیل ہیمنت لوہیا کی لاش مشکوک حالات میں پائی گئی ہے۔ جائے وقوعہ کی ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ ایک مشتبہ قتل کیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوہیا کا گھریلو ملازم فرار ہے اور پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس دوران فارینسک ٹیمیں اور کرائم ٹیمیں تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کا عمل شروع ہو گیا ہے اور سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے اینڈ کے پولیس نے اپنے سینئر افسر کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ لوہیا کی لاش کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کے بورڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لوہیا کی لاش دومانہ کے پونی چک علاقے سے لائی گئی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ لوہیا اپنے پرانے دوست راجیو کھجوریا کے گھر گئے ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کھجوریا کا تعلق راجوری ضلع سے ہے۔ وہیں اس قتل کی ذمہ داری پیوپلز اینٹی فاسسٹ فرنٹ (پی اے ایف ایف) نے قبول کر لی ہے۔
