سری نگر/11؍اکتوبر:
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج یوٹی کے مختلف محکموں کی سرمائی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ بلا تعطل بجلی اور پانی کی فراہمی ، عوامی سہولیات ، راشن ، اَدویات اور دیگر ضروریات کی چوبیس گھنٹے دستیابی کے لئے مربوط ایکشن پلان کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہر محکمہ اور اہم شراکت داروں کو اِس موسم سرما کے لئے گذشتہ سردیوں سے کہیں زیادہ بہتر تیاری کرنی چاہیے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ سرمائی موسم میں مردوں اور مشینوں کو اَچھی طرح سے چلانے کے لئے ہمیں سخت حالات کے لئے رسپانس سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ اونچی جگہوں اور ان علاقوں کے لئے پیشگی اِنتظامات کئے جائیں جہاں سردیوں کے دوران رَسائی محدود ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ رابطہ ، ہسپتال ، بجلی اور پانی کی فراہمی اور تعلیمی اِدارے اِنتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور واٹر سپلائی سکیموں کے لئے وقف شدہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
این ایچ۔۴۴کے تین اہم حصوں پتنی ٹاپ ، جکھانی ۔ بانہال او ربانہال ۔ قاضی گنڈ کے لئے تیار کئے گئے منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے جانکاری دی گئی کہ پنتھیال ٹنل اور ٹی 5 اِس برس 15؍دسمبر تک تیا ر ہوجائیں گے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے محکموں اور ایجنسیوں سے برف صاف کرنے والی مشینوں اور کٹروں کی دستیابی کے بارے میں تفصیلات طلب بھی کیں۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں سے رِپورٹ طلب کی تاکہ قومی اور یاستی شاہراہوں ، بڑی بین الاضلاع اور پی ایم جی ایس وائی سڑکوں اور ہوائی اَدے کی سڑکوں پر آسانی سے ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سری نگر میونسپل کارپوریشن کی سڑکوں ، گلیوں اور بائی لین سے برف کو بروقت صاف کرنے کے لئے اَفسران کو سخت ہدایات دیں ۔اُنہوں نے کہا کہ سردیوں کے دوران جواب دہی اور خدمات کی کمی پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔چیئر کو بتایا گیا کہ ایس ایم سی کے پاس 43 برف کے ہل والے ٹریکٹر ہیں اور 3,500 صفائی ورکروں اور مزدوروں کی تعیناتی کا منصوبہ تیا ر ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ائیرپور ٹ اَتھارٹی اور متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ برف صاف کرنے کی ذمہ داری بانٹیں۔ میٹنگ میں پروازوں میں تاخیر کی صورت میں مسافروں کی رہائش کے لئے ڈھانچہ ائیر پورٹ اتھارٹی کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
میٹنگ کو بتایا گیا کہ ایک مضبوط طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جہاں ایک شہری’ میری سڑک ایپ ‘سے برف صاف کرنے سے متعلق مسئلہ اُٹھا سکتا ہے اور اس کا حل کے لئے تیزی سے کارروائی کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے محکموں سے کہا کہ وہ گائوں کی سڑکوں سے بروقت برف صاحب کرنے کے طریقے تلاش کریں اور گلمرگ ، پہلگام اور سونہ مرگ جیسے سیاحتی مقامات تک بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور رابطہ کو یقینی بنائیں۔
صوبائی کمشنروں اور عمل آوری ایجنسیوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ سردیوں میں سنتھن ٹاپ کو گاڑیوں کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے کھلا رکھنے کے لئے ایک تفصیلی منصوبہ بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسفارمروں کے بفر سٹاک کو یقینی بنائیں اور خراب شدہ ٹرانسفارمروں کی بروقت اور تیزی سے مرمت اور تبدیلی کو یقینی بنائیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میٹر والے علاقوں میں صرف کم سے کم طے شدہ بجلی کی کٹوتی کی جانی چاہئے۔
کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ کو سری نگر میں برقی میٹروں کی صد فیصد کوریج کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے صحت ، تعلیمی اِداروں اور سول سیکرٹریٹ میں گرمائش کے اِنتظامات کرنے کی واضح ہدایت دی گئی ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ ٹریفک پلان پیشگی جمع کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ضروری سامان میں کوئی رُکاوٹ نہیں ہے ۔
میٹنگ کو بتایا گیا کہ برف باری اور بالائی علاقوں سے حاملہ خواتین کے بروقت علاج اور طبی اِمداد کے لئے خصوصی کوششیں کی جارہی ہیں۔میٹنگ میں برفانی تودے کی وارننگ ، باغبانی سے بچائو ، علاقوں کو منقطع کرنے کے لئے ہیلی کاپٹر کی خدمات ، چھتوں سے برف پھسلنے سے متعلق لوگوں کو ایڈوائزری کے بارے میں بھی تفصیلی پرزنٹیشن دی گئی۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، اِنتظامی سیکرٹریوں ، صوبائی کمشنروں ، آئی جی پی ٹریفک ، پاور کارپوریشنوں کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹروں اور سول ایڈمنسٹریشن ، محکمہ پولیس ، بی آر او ، این ایچ آئی ڈی سی ایل ، این ایچ اے آئی اور دیگر عمل آوری ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام نے سول سیکرٹریٹ میں ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔
