سرینگر، 15 اکتوبر:
جموں و کشمیر کی حکومت نے ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ہفتہ کو پانچ ملازمین کو برطرف کر دیا۔ سرکار کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ان ملازمین کی سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے منفی نوٹس میں آئی تھیں، کیونکہ یہ افراد ملک کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ جن لوگوں کو برطرف کیا گیا ہے ان میں جموں و کشمیر پولیس کے معاون ونگ کے کانسٹیبل تنویر سلیم ڈار، سید افتخار اندرابی، وی ایل ڈبلیو، محکمہ دیہی ترقی (پنچایت سیکرٹری)، ارشاد احمد خان، جل شکتی محکمہ بارہمولہ میں چوکیدار، آفاق احمد وانی، منیجر بارہمولہ سنٹرل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ اور عبدالمومن پیر، اسسٹنٹ لائن مین، پی ایچ ای سب ڈویژن ہندوارہ شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے حکومت نے ملک دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے، جو ملازمین سرکاری مشینری سے وابستہ ہونے کے باوجود ملک مخالف سرگرمیوں میں شامل ہیں۔ان پانچ برطرفیوں سے پہلے، 39 سرکاری ملازمین کو برطرف کیا جا چکا ہے۔
